ووہان (شنہوا ) چین کے وسطی صوبے ہوبے میں ڈائنوسار کے تین انڈوں کے کرسٹلائزڈ فوسلز دریافت ہوئے ہیں جس سے ڈائنوسار کے انڈے دینے کے عمل اور فوسلز کی بنیاد پر زمین پر زندگی کے تاریخ کے مطالعے کے لیے شواہد ملے ہیں۔
مقامی نیچر ریزرو کے مطابق ڈائنوسار کے انڈوں کے کرسٹلائزڈ فوسلز ایک گھونسلے میں موجود تھے، شی یان شہر میں چھنگ لونگ پہاڑ پر ڈائنوسارز کے انڈوں کے مقام کی بحالی اور منیجمنٹ کے دوران اس گھونسلے سے ڈائنوسار کے 31 انڈے دریافت ہوئے۔
ہوبے انسٹی ٹیوٹ آف جیو سائنسز کے ایک محقق ژاؤ بی نے بتایا کہ تین انڈوں کے فوسلز انڈوں کے چھلکوں اور اندرونی کرسٹلائن معدنیات کے ساتھ اچھی طرح سے محفوظ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ تینوں انڈوں کے فوسلز پھٹے نہیں اور نہ ہی ان میں بچے پیدا ہوئے تھے۔
محققین کے مطابق ان انڈوں کے کرسٹلائزڈ فوسلز کی اندرونی کرسٹل لائن کیلسائٹ قسم کی ہے جس کا سائز 0.2-0.4 سینٹی میٹر ہے۔
ڈائنوسار کے باقاعدہ فوسلائزڈ انڈوں کے مقابلے میں، کرسٹلائزڈ انڈوں کے فوسلز ان کی تشکیل کے لیے درکار سخت ماحولیاتی حالات کی وجہ سے دنیا میں نایاب ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہوبے میں کرسٹلائزڈ انڈے کے فوسلز دریافت ہوئے ہیں۔