• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 20th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین میں بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں اور کئی ہلاکتوں کے بعد ہرممکن امدادی کارروائیاںتازترین

July 21, 2024

شی آن/چھنگ دو /بیجنگ (شِنہوا) چین کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے جس سے شدید جانی نقصان ہوا، درجنوں افراد لاپتہ ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔

مقامی حکام نے بتایا کہ جنوب مغربی صوبے سیچھوان میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ شب 2 بجکر 30 منٹ کے آس پاس شِںہوا گاوں میں آئے سیلاب میں 30 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے۔ سیلاب سے سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی علاقے میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔

چین کے شمال مغربی صوبے شانشی میں موسلادھار بارش سے ایک ہائی وے پل منہدم ہوگیا جس سے متعدد گاڑیاں دریا میں بہہ گئیں جس میں موجود افراد میں سے 31 لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش میں 700 سے زائد پیشہ ور امدادی کارکن اور 1 ہزار 500 سے زائد مقامی افراد مصروف عمل ہیں۔

شانشی کے شہر شانگ لو کی کاونٹی  ژاشوئی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز دوپہر تک 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ لاپتہ 31 افراد کی تلاش جاری ہے۔

شانگ لو میں پارٹی سربراہ ژاؤ جنگ نے بتایا کہ طوفانی بارش سے ژا شوئی میں دریائے جن چھیان میں اچانک سیلاب آ گیا جس سے یان پھنگ گاوں میں پل نمبر 2 کا 40 میٹر لمبا حصہ منہدم ہو گیا۔

دریائے جن چھیان پر موجود  یہ پل  366 میٹر طویل ہے  جو دان فینگ ۔ننگ شان ایکسپریس وے کا حصہ ہے۔

ژاؤ نے کہا کہ ہائی وے ٹول سسٹم اور ویڈیو سرویلنس کے ساتھ ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی تحقیقات کی روشنی میں امدادی کارکن اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مجموعی طور پر 17 کاریں اور آٹھ ٹرک دریا میں گرے تھے۔

ژاؤ نے مزید بتایا کہ امدادی کارکن اب بھی 18 گاڑیاں تلاش کررہے ہیں جن میں 31 افراد سوار ہیں۔

تلاش کے کام میں ڈرون اور امدادی کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے مقامی حکام متاثرین کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور جغرافیائی خطرات کی نگرانی اور علاقے میں سیلاب سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ واقعے کے بعد ثانوی حادثات کی روک تھام سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس سے قبل شرکاء نے متاثرین کے لیے لمحہ بھر کی خاموشی اختیار کی۔