تیان جن (شِنہوا) چین میں طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے پہلے مشترکہ منصوبے بوئنگ تیان جن کمپوزٹس کمپنی لمیٹڈ کے تیسرے مرحلے کی توسیع شدہ سہولت نے باضابطہ طور پر کام شروع کردیا۔
بوئنگ کے مطابق اس منصوبے سے تیان جن پلانٹ کی پیداواری صلاحیت دوگنی ہونے کی توقع ہے۔ توسیع 2019 میں اصل فیکٹری میں شروع کی گئی تھی۔
نئی سہولت کا مجموعی رقبہ 58 ہزار مربع میٹر ہے جو زیادہ اعلیٰ درجے اور پیچیدہ حصوں پر مشتمل اسمبلنگ کے کام کے لئے مزید گنجائش مہیا کرے گی۔
بوئنگ کمپنی کے سینئر نائب صدر اور بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن نے کہا کہ بوئنگ کو اس شراکت داری پر بے حد فخر ہے جو چین کے ساتھ نصف صدی سے زائد عرصے سے قائم ہے۔
نیلسن نے کہا کہ ہم اگلے 50 برس کے لئے چین کے ساتھ پرعزم ہیں۔ بوئنگ چین میں کمپوزٹ مینوفیکچرنگ، تحقیق، تربیت، تکمیل اور ترسیل کے مرکز اور پائیداری سمیت دیگر شعبوں میں وسیع پیمانے پر تعاون جاری رکھے گا۔
بوئنگ تیان جن کمپوزٹس کمپنی لمیٹڈ 1999 میں قائم ہوئی تھی۔ یہ چین میں کمپوزٹ میٹریل میں بوئنگ سپلائی چینز کا سب سے بڑا پیداواری مرکز ہے جس کی مصنوعات تمام بوئنگ طیاروں کے ماڈلز کا احاطہ کرتی ہیں۔
چین کو 1973 میں بوئنگ 707 طیاروں کی پہلی کھیپ ملی ۔ بوئنگ چینی صارفین کو 2 ہزار سے زائد طیارے فراہم کرچکا ہے۔اس وقت 10 ہزار سے زائد بوئنگ طیاروں میں چین میں تیار کردہ پرزے استعمال ہورہے ہیں۔