لان ژو (شِںہوا)سیاح ایک مسحور کن سفر کے آغاز پر ورچوئل رئیلٹی (وی آر) عینک پہنتے ہیں تو وہ عظیم دیوار کے ساتھ منگ عہد (1368-1644) کے ایک فوجی قلعے پہنچ جاتے ہیں جہاں گلیاں ، فوجی کیمپ اور فارم ہاؤسز کے روشن مناظر نظر آنے لگتے ہیں۔
چین کے شمال مغربی صوبے گانسو میں ٹیکنالوجی ماہرین کی ایک ٹیم 400 برس پرانی عظیم دیوارکے حصوں کی تعمیرنو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے جو یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثے کی ثقافتی اہمیت بھی اجاگر کرتی ہے۔
دیوار چین،چین کی پہچان ہے جو کئی باہم مربوط دیواروں سے ملکر بنی ہے جن میں سے کچھ 2 ہزار برس پرانی ہیں۔ اس کے موجودہ حصوں کی مجموعی لمبائی 21 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے جس میں سے تقریباً 5 واں حصہ گانسو میں واقع ہے۔
کمپنی کے ذہین ڈیجیٹل تعمیرنو منصوبے کے منیجر وانگ یو نے بتایا کہ قدیم متن، جگہ پر تحقیق اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے سلک روڈ انفوپورٹ کمپنی لمیٹڈ کی تکنیکی ٹیم نے عظیم دیوار کے گانسو سیکشن کےساتھ 3 اہم فوجی مضبوط قلعےکامیابی سے بحال کئے ہیں۔
وانگ کے مطابق تاریخی آثار کی مستند طریقے سے دوبارہ تخلیق کے لیے اس مقام کی تحقیق کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجیز استعمال کی گئی جس میں اعلیٰ معیار کی بیڈو سیٹلائٹ پوزیشننگ اور ڈرونز بھی شامل ہیں۔
ٹیم نے دیوار چین سے آگے بڑھ کر نان زو کھنڈرات کی بحالی میں اپنی ڈیجیٹل مہارت استعمال کی جو ابتدائی چینی تہذیب اجاگر کرنے والا ایک اہم آثار قدیمہ ہے۔
نان زو مقام کا مرکزی محل 630 مربع میٹر کے اندرونی رقبے پر محیط اور تقریباً 5 ہزار برس قدیم ہے۔ یہ چین کے آثارقدیمہ میں اپنے وقت کا سب سے بڑا واحد اندرونی ڈھانچہ تصور کیا جاتا ہے۔
ماہرین نے نان زو کھنڈرات کے بارے میں دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز جیسی معلومات کو مرتب کرکے ان کا تجزیہ اور انکوڈ کیا۔ ثقافتی ورثے کی بحالی میں پینورامک نمائش کے لئے ایک کثیر جہتی پیرامیٹر انفارمیشن ڈیٹا بیس کی مدد لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہمیں قدیم محل کا ماڈل بنانے اور اسے حقیقت کا روپ دینے میں مدد کرسکتی ہے۔
وانگ کی ٹیم مستقبل میں ڈیجیٹل نوادرات کی پوری زندگی تیار کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف معلومات کے پیرامیٹرز جیسے تاریخی سیاق و سباق اور مقامی تفصیلات کو مربوط کرتے ہوئے ذہین الگورتھم کی مدد سے ہم مختلف ادوار کی باقیات کو درست طریقے سے دوبارہ تخلیق کرنا چاہتے ہیں۔