شی آن (شِنہوا) ماہرین آثار قدیمہ نے تصدیق کی ہے کہ چین کے شمال مغربی صوبے شانشی میں دریافت ہونے والے کھنڈرات تقریباً 3ہزار سال پہلے وسیع پیمانے پر آباد تھے۔ سوسائٹی برائے شانشی صوبائی آثار قدیمہ کے مطابق شانشی کے شہر شیان یانگ میں شون یی شی تو کے کھنڈرات کی کھدائی 2018 میں شروع کی گئی تھی۔ 20لاکھ مربع میٹر پر محیط کھنڈرات شانگ اور ژو عہد کی سب سے بڑی بستیوں میں سے ایک ہیں۔
ماہرین آثار قدیمہ کو شہر کی فصیل ، خندقوں اور سڑکوں کی باقیات ملی ہیں جن کا تعلق مغربی ژوعہد (1046-771 قبل مسیح) سے ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تقریباً 8لاکھ مربع میٹر پر محیط شہر تھا۔ ماہرین آثار قدیمہ نے 1لاکھ 50ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر واقع ایک قبرستان بھی دریافت کیا جس میں تقریباً 1ہزار مقبرے تھے۔ 2022 میں، تین بڑے مقبرے دریافت ہوئے تھے،جن میں سے ایم 90کے نام سے رجسٹرڈ مقبرے کا تعلق شانگ عہد کے اختتام (1600-1046 قبل مسیح) اور ژوعہد کے آغازسے ہے۔ مقبرے سے ماہرین نے 38 افراد کی باقیات دریافت کیں جنہیں انسانی قربانی کے طور پر تین تہوں میں دفن کیا گیا تھا، ساتھ ہی سیپیاں، پتھر کے برتن، ہڈیوں سے بنی اشیاء، جیڈ آرٹیکلز، کانسی سے بنی اشیاء اور برتنوں وغیرہ کے آثار بھی دریافت ہوئے۔