شی آن (شِنہوا) چینی محققین نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سور کے جگر کی دماغی طور پر مردہ شخص میں کامیابی سے پیوند کاری کی ہے جہاں اس نے 10 دن تک کام کیا۔ یہ انسانوں میں جانوروں کے اعضاء کی پیوند کاری میں ایک سنگ میل ہے.
یہ آزمائش مریض کے اہلخانہ کی مرضی سے ہوئی جس میں پیوند شدہ جگر نے مریض کے جسم میں 10 روز کام کیا۔
یہ پیوند کاری چینی اکیڈمی آف سائنسز کے ماہر تعلیم ڈو کی فینگ اور چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے صدرمقام شی آن میں واقع ایئر فورس میڈیکل یونیورسٹی کے شی جنگ اسپتال کے ڈاکٹر تاؤ کائی شان کی قیادت میں ایک ٹیم نے کی۔
پیوند کاری کرانے والا مریض شدید دماغی چوٹ کا شکار ہوا تھا جسے تین جائزوں کے بعد دماغی طور پر مردہ قرار دیدیا گیا تھا ۔ مریض کے اہلخانہ نے طبی تحقیق میں حصہ لینے کے لئے اس پیوند کاری پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
سرجری منصوبے پرمختلف تعلیمی اور اخلاقی کمیٹیوں نے غور و خوض کیا اور اس کی منظوری دی اور اس میں متعلقہ قومی قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا تھا۔
ڈو نے کہا کہ جینیاتی طور پرتبدیل شدہ سورکے جگر کی انسانی جسم میں پیوند کاری طبی شعبے میں پہلا موقع تھا۔ ہم نے مشاہدہ کیا کہ جگر انسانی جسم میں اچھے طریقے سے کام کرتا رہا ہے۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ یہ تحقیق زینو ٹرانسپلانٹیشن شعبے میں ایک اہم پیشرفت ہے جس نے مستقبل کے کلینیکل ایپلی کیشنز کے لئے نظریاتی بنیاد اور عملی تجربہ فراہم کیا ہے۔