• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 5th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین میں کمرشل خلائی صنعت میں تیزرفتار ترقی کو فروغتازترین

April 18, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چائنہ قومی خلائی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ چین معیاری نگرانی اور انتظام کے ساتھ ایک سازگار ماحول پیدا کرکے اور صنعتی صلاحیت کو بڑھا کر اپنی کمرشل خلائی صنعت میں  تیزتر ترقی کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس میں چائنہ قومی خلائی انتظامیہ کے سسٹم انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیو بو نے کہا کہ گزشتہ برس مرکزی اقتصادی کارکردگی کانفرنس میں تجارتی خلائی صنعت جیسی سٹریٹجک اعتبار سے ابھرتی صنعتوں کے فروغ کے لئے کہا گیا تھا اور رواں سال کی سرکاری امور رپورٹ میں کمرشل  خلائی صنعت کو  ترقی کے ایک نئے انجن کے طور پر فعال طریقے سے آگے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ دونوں اس بات کی عکاسی کرتے ہیں چین کی کمرشل خلائی صنعت ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت لانچ خدمات کے لئے 9 اقسام کی کمرشل لانچ وہیکلز دستیاب ہیں اور متعدد ادارے تقریباً 100 سیٹلائٹس تیار کررہے ہیں، اس کے علاوہ ملک کا پہلا تجارتی لانچ مقام زیرتعمیر ہے۔

پریس کانفرنس میں چین کے آمدہ خلائی دن پر بریفنگ دی گئی  جو 24 اپریل کو منایا جائے گا ۔ اس کی اہم تقریبات چین کے وسطی صوبے ہوبے صدر مقام ووہان میں منعقد ہوں گی۔

بریفنگ میں ہوبے کی صوبائی حکومت کے ایک عہدیدار گو بن نے کہا کہ صوبے میں تجارتی خلائی صنعت اور متعلقہ صنعتوں کی مجموعی پیداواری مالیت 2023 میں 56 ارب یوآن (تقریباً 7.74 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ چکی تھی۔

گو نے کہا کہ ہوبے میں 300 سے زیادہ کمرشل خلائی اور متعلقہ صنعتی ادارے ہیں جو راکٹ اور سیٹلائٹ کی ترقی ، زمینی آلات میں معاونت اور سیٹلائٹ آپریشن خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے مکمل صنعتی چینز تشکیل دیتے ہیں۔