بیجنگ (شِنہوا) چین میں شدید بارش سے کئی صوبوں میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ صوبوں میں ہونان ، انہوئی اور گوئی ژو شامل ہیں۔
چین کے وسطی صوبے ہونان کی شنہوانگ ڈونگ خود مختار کاؤنٹی کے ڈوشی گاؤں میں مٹی کا تودہ گرنے سے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
ہونان کے صوبائی محکمہ موسمیات نے گزشت روز موسمیاتی آفات کے ہنگامی ردعمل کا لیول 3 سے بڑھاکر 2 کردیا۔ تمام سطح کے محکمہ موسمیات کو مقامی موسمی حالات کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر گہری نگاہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق ہونان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں رواں ہفتے تیز اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے سیلاب، زمینی آفات اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
خطرناک علاقوں سے 30 ہزار سے زائد افراد کو پہلے ہی نکال لیا گیا تھا جبکہ سیلاب میں پھنسے 4 ہزار سے زائد افراد کو بھی بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوئی کے 5 دریا گزشتہ روز دوپہر2 بجے تک خطرے کا نشان عبور کرچکے تھے جس کے بعد 200 سے زائد سیاحتی مقامات عارضی طور پر بند کردیئے گئے۔
چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو میں جمعے سے جاری موسلا دھار بارش سے 41 کاؤنٹیز میں 2 لاکھ 13 ہزار 300 افراد متاثر ہوئے۔
اب تک تقریبا 7 ہزار افراد کو نکالا جاچکا ہے جبکہ ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی محکمہ موسمیات نے گوئی ژو میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جون کے اختتام تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔