بیجنگ(شِنہوا) چین نے 2023 میں ریٹائرڈ ہونے والوں کے لیے بنیادی پنشن کی ادائیگیوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے جو مسلسل 19واں سالانہ اضافہ ہوگا۔
وزارت انسانی وسائل و سماجی تحفظ اور وزارت خزانہ کی طرف سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق، کاروباری اداروں، سرکاری ایجنسیوں اور عوامی اداروں کے پنشنرز کے لیے اوسط ماہانہ ادائیگی میں 2022 کی سطح سے 3.8 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
گزشتہ سال، چین نے ریٹائرڈ ہونے والوں کے لیے بنیادی پنشن کی ادائیگیوں میں اس سے پچھلے سال کی سطح سے 4 فیصد اضافہ کیاتھا۔
عمر رسیدہ آبادی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے چین نے عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے آخر تک، 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے چینی باشندوں کی تعداد 28کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جو ملک کی کل آبادی کا 19.8 فیصد ہیں۔