ننگبو(شِنہوا)چین میں ایک سابق سینئر سیاسی مشیر شین دیونگ کو رشوت خوری کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
شین دیونگ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی کی سماجی اور قانونی امور کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ ایک بار سپریم پیپلز کورٹ کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔
ننگبو میونسپلٹی کی انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق شین پر 60 لاکھ یوآن (تقریباً 8 لاکھ 40 ہزار 124 ڈالر) کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ رشوت سے شین کی غیر قانونی کمائی اور اس سے حاصل ہونے والے سود کو ضبط کر کے سرکاری خزانے کے حوالے کر دیا جائے گا۔
عدالت نے قرار دیا کہ شین نے 1995 اور 2022 کے درمیان کیس ہینڈلنگ، ملازمت میں ترقی اور پروجیکٹ کنٹریکٹ سے متعلق معاملات پر افراد اور تنظیموں کی مدد کے لیے اپنے مختلف عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا جس کے بدلے میں انہوں نے 6 کروڑ 45 لاکھ 60ہزار یوآن مالیت کی رقم اور قیمتی اشیاء بالواسطہ یا بلاواسطہ وصول کیں۔
شین دیونگ نے گرفتاری کے بعد اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اپنے تمام غیر قانونی فوائد واپس کرنے اور دوسرے افراد کے ذریعے کیے گئے جرائم کو بے نقاب کرنے میں تعاون کیا۔ تاہم عدالت نے کہا کہ اس حقیقت کی روشنی میں شین کو نرم سزا نہیں دی جائے گی کہ انہوں نے عدلیہ کے نظام کی سنگین خلاف ورزی کی اور معاشرے کو نقصان پہنچایا۔