چین، مشرقی شہر شنگھائی میں شنگھائی وائی گاؤ چھیاؤ شپ بلڈنگ کارپویشن شپ یارڈ میں دیوقامت کروز لائنر کو دیکھا جاسکتا ہے۔ (شِںہوا)
شنگھائی (شِںہوا) چین کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ بڑے کروزجہاز کی تعمیر 91 فیصد سے زائد مکمل ہوچکی ہے اور یہ 2023 کے اختتام تک فراہم کردیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان چین (شنگھائی) آزمائشی آزادانہ تجارتی زون کے با نڈڈ ایر یا میں انتظامی بیورو نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
ملک کے سب سے بڑے جہاز ساز ادارے چائنہ اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن کے مطابق کروز شپ کے بیرونی و اندرونی کام اور تزئین و آرائش کا کام بیک وقت جاری ہے۔ جہاز ساز ادارہ مقامی طور پر تیارکردہ دوسرے بڑے کروز جہاز کی تعمیر پر بھی کام کررہا ہے جس کا آغاز اگست 2022 میں ہوا تھا۔
کانفرنس میں شنگھائی کے حکام نے وائی گاؤ چھیاؤ علاقے میں کروز صنعت کی ترقی کا منصوبہ جاری کیا جس میں جدت کو فروغ دینا ، باصلاحیت افراد کو راغب کرنا اور ایک مضبوط کاروباری ماحول کی فراہمی سمیت 20 اقدامات شامل ہیں۔
منصوبے میں بتایا گیا ہے کہ شنگھائی کا مقصد 2035 تک اس علاقے کو ایک عالمی معیار کے کروز صنعت کے علاقے تبدیل کرنا ہے تاکہ ایک عمدہ صنعتی نظام، دنیا کے اعلیٰ درجے کی مینوفیکچرنگ اور کھپت کے وسائل یکجا ہوسکیں۔
بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژاؤ فینگ نے کہا کہ "مستقبل میں ہم متعلقہ صنعتی چین کو مزید بہتر بنائیں گے اور کارپوریٹ ہیڈکوارٹرز اور کروز جہازسازی اور کروز جہاز آپریشن کے شعبوں میں تیزی لائیں گے۔
چین نے جہاز سازی شعبے میں شاندار کارکردگی کے ساتھ 2022 کا اختتام کیا ہے اور مسلسل 13 ویں برس عالمی مارکیٹ میں سب سے بڑا حصہ برقراررکھا ہے۔ اس کی 6 کمپنیاں دنیا کے 10 بڑے جہاز ساز اداروں میں شامل ہیں۔