شنگھائی (شِںہوا) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ گروپ کے چیئرمین جوز وینلز نے چینی معیشت میں توسیع جاری رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی درمیانی اور طویل مدتی ترقی کے ان امکانات کی وجوہات ٹھوس ہیں۔
شِنہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 ماہ میں چین کے اپنے 7 ویں دورے میں انہوں نے ملک کے لیے بینک کا مضبوط عزم ظاہر کرتے ہوئے عالمی کاروبار میں چینی مارکیٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
وینلز نے چین کی درمیانی اور طویل مدتی ترقی پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کی 5.2 فیصد شرح نمو اس کی لچک اور عالمی معیشت پر اس کی ترقی کے مثبت اثرات کا ثبوت ہے۔
بینک کی 2023 کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے چین کے آن اور آف شور کاروبار سے 1.3 ارب امریکی ڈالر (تقریباً 9.22 ارب یوآن) کا قبل از ٹیکس منافع کمایا جس کے ساتھ اس کی آمدن میں گزشتہ برس کی نسبت 24 فیصد اضافہ ہوا۔
بینک کے سرحد پار کاروبار میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جس میں چین کی آف شور سرگرمیوں خاص طور پر تیزی سے پھیلتے چین - مشرق وسطیٰ اور چین - آسیان راہداری کے ذریعے اسکی کاروباری آمدن 42 فیصد بڑھی۔
وینلز نے آئندہ سالوں میں گروپ کے کاروبار کے لئے مثبت نقطہ نظر بتاتے ہوئے کہا کہ 2024 کا آغاز اچھی رفتار سے ہوا ہے اور اس سال سے متعلق ہمارا منظرنامہ سازگار ہے اور متعدد عوامل چینی کاروبار میں مسلسل ترقی میں کردار ادا کریں گے۔