ہانگ ژو(شِنہوا) چین میں مڈل اسکول کے طلبا میں 2023 کے دوران تمباکو نوشی کی شرح 2021 کے مقابلے میں 0.5 فیصد پوائنٹس کی کمی سے 4.2 فیصد پر آگئی۔
گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک قومی سروے کے نتائج کے مطابق جن طلبا نے بتایا کہ انہوں نے 2023 میں سگریٹ نوشی کی کوشش کی ان کی شرح 13.7 فیصد تھی جو 2021 کے مقابلے میں 3 فیصد پوائنٹس کمی ہے۔
سروے کے نتائج گزشتہ روز 37 ویں عالمی یوم تمباکو نوشی کے موقع پر نیشنل ہیلتھ کمیشن ( این ایچ سی) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں جاری کیے گئے۔ سروے میں چین کے صوبائی سطح کے 31 علاقوں کے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد مڈل اسکول کے طلبا سے رائے لی گئی اور ان کی جانب سے دیئے گئے جوابات کی شرح 95 فیصد سے زیادہ تھی۔
سروے کے مطابق ملک کے مڈل اسکول کے طلبا میں الیکٹرانک سگریٹ کے استعمال کی شرح 2023 میں 2.4 فیصد تھی، جو دو سال پہلے کے مقابلے میں 1.2 فیصد پوائنٹس کم ہے۔
سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسکولوں میں سگریٹ نوشی میں کمی آئی ہے تاہم خاندانوں کی سطح پر کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔