بیجنگ (شِنہوا) چین نے یکم اگست سے مسابقت کے منصفانہ جائزوں کے لیے ضوابط کے نفاذ کا اعلان کیا ہے تاکہ مارکیٹ کے تمام شراکت داروں کے لیے برابر مواقع کو یقینی بناتے ہوئے علاقائی تحفظ پسندانہ طریقوں سے پاک ایک متحد گھریلو مارکیٹ کے قیام میں مدد مل سکے۔
مارکیٹ ریگولیشن کے ریاستی ادارے کے ایک عہدیدار ژو ژی گاونے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان ضوابط کا مقصد اداروں کو ایسے اقدامات کرنے سے روکنا ہے جو مارکیٹ میں مسابقت کا خاتمہ یا اسے محدود کرتے ہیں۔
ژو نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں سے متعلق قوانین، قواعد اور پالیسیاں مرتب کرتے وقت، اداروں کو مارکیٹ داخلے یا اخراج، سامان کی بلارکاوٹ ترسیل اور کاروباری آپریشن کے اخراجات اور طریقہ کارسمیت کئی پہلووں کو مدنظر رکھنا لازم ہوگا۔
مثال کے طور پر، سرکاری پالیسیوں میں مارکیٹ رسائی پر غیر معقول یا امتیازی شرائط لاگو نہیں ہوسکیں گی، مقامی مارکیٹ میں باہر سے مصنوعات کے داخلے پر پابندی بھی نہیں ہوگی۔ قانونی حمایت یا ریاستی کونسل کی منظوری کے بغیر، حکام مخصوص کاروباری اداروں کو ٹیکس چھوٹ یا منتخب یا امتیازی مراعات یا سبسڈی بھی نہیں دے سکیں گے۔