بیجنگ(شِنہوا) چین نے 12 ممالک کے لیے مختصر مدت کے دورہ کے لیے ویزا فری پالیسی میں 2025 تک توسیع کردی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے منگل کوباقاعدہ پریس بریفنگ میں صدرشی جن پھنگ کی جانب سےدورہ فرانس کےدوران ویزا فری پالیسی کے اعلان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چینی اور غیر ملکی شہریوں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے چین نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، سپین، ملائیشیا، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، ہنگری، آسٹریا، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے شہریوں کے لیے ویزا فری پالیسی کو 31 دسمبر 2025 تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ عام پاسپورٹ رکھنے والے ان ممالک کے شہریوں کو کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے اور ٹرانزٹ کے لیے بغیر ویزہ کے چین میں داخل اور15 دن تک قیام کرنے کی اجازت ہوگی۔