بیجنگ(شِنہوا)چین نے پراپرٹی سے وابستہ مارکیٹ کی مضبوط ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلے میں 20 فروری سے ملک کے 29صوبوں کے کل 214 شہروں میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے رابطے کا طریقہ کاروضح کیاہے۔
چین کی وزارت ِ ہاؤسنگ اور شہری ودیہی ترقی کا کہنا ہے کہ اس نے ایک"وائٹ لسٹ" کی تفصیلات جاری کی ہیں جس میں رئیل اسٹیٹ سے وابستہ 5 ہزار 349 منصوبوں کا ذکر شامل ہے جو مالی معاونت کے اہل ہیں جبکہ ان تفصیلات کو کمرشل بینکوں کو بھیج دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق اب تک 57 شہروں میں تقریباً 162 منصوبوں کو بینکوں کے ذریعے مجموعی طور پر 29.43 ارب یوآن (تقریباً 4.14 ارب امریکی ڈالر) کی مالی مددفراہم کی گئی ہے۔
بینک آف چائنہ، چائنہ کنسٹرکشن بینک، ایگریکلچرل بینک آف چائنہ، پوسٹل سیونگز بینک آف چائنہ اور بعض مشترکہ۔سٹاک بینکوں کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی حکومتیں اور مالیاتی اداروں نے اس طرح کے رابطہ میکانزم کو فعال طور پر نافذ العمل کررکھا ہے جس کے تحت فہرست میں شامل منصوبوں کے لیے 123.6 ارب یوآن کے قرضے منظور کیے جاچکےہیں۔
چین نے جنوری میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے فنانسنگ کوآرڈینیشن میکانزم قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد رئیل اسٹیٹ سے وابستہ منصوبوں کی جائز مالیاتی ضروریات کو پورا کرنا اور ملک کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی مستحکم اور احسن انداز میں ترقی میں مدد دینا ہے۔