بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سال کے آغاز سے ہی عالمی اقتصادی بحالی اور ایک مشکل اور پیچیدہ بیرونی ماحول کی موجودگی میں چینی معیشت معمول کی بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔ ترجمان ماو ننگ نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں امریکہ اور آسٹریلیا کے حالیہ بیانات کے جواب میں کیا ، جن میں چینی معیشت کو زوال پذیر کہا گیا تھا۔
ماؤ نے کہا کہ چینی معیشت کے زوال کی پیش گوئی کرنے والے ہر طرح کے تبصرے وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں، لیکن چینی معیشت نے ان سب کوغلط ثابت کیا ہے۔چینی معیشت کی بجائے ایسی بیان بازی کومنہ کی کھانا پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں چین کی جی ڈی پی کی شرح نمو 5.5 فیصد رہی جو گزشتہ سال کے 3 فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ چین کی معیشت اس سال 5.2 فیصد کی شرح سے بڑھے گی اوراس کا عالمی ترقی میں ایک تہائی حصہ ہوگا۔