بیجنگ (شِنہوا) چین نے امریکہ کی جانب سے کچھ چینی مصنوعات پر اضافی محصولات میں مزید اضافے کی مخالفت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گا۔
امریکہ نے سیکشن 301 کے تحت موجودہ محصولات کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں ، لیتھیم آئن بیٹریوں ، شمسی سیل، اہم معدنیات ، سیمی کنڈکٹر، اسٹیل ، ایلومینیم اور کرین سمیت چینی مصنوعات کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کے محصولات پر نظرثانی کے طریقہ کار کے غلط استعمال سے چین مطمئن نہیں ہے کیونکہ یہ مقامی سیاسی خدشات پر مبنی اور بعض چینی مصنوعات پر اضافی محصولات میں اضافہ کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ اقدام تجارتی امور کو سیاسی رنگ دیتا اور انہیں بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے کہ دفعہ 301 ٹیرف عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے تاہم اس کے باوجود امریکہ نے اپنی غلط روش برقرار رکھی ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق امریکی محصولات میں اضافہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اتفاق رائے اور امریکی صدر جو بائیڈن کے وعدوں کے برعکس ہے جس سے دوطرفہ تعاون کی فضا بری طرح متاثر ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنی غلطیاں درست کرتے ہوئے چین کے خلاف اضافی محصولات سے متعلق اقدامات واپس لے ۔