بیجنگ(شِنہوا) چین نے جاپان کی جانب سے چینی کمپنیوں کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی سخت مذمت اور بھرپور مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پابندیوں کا بین الاقوامی قانون کے مطابق کوئی جواز نہیں ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز باقاعدہ پریس بریفنگ میں چینی کمپنیوں پر جاپان کی تجارتی پابندیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا۔ جاپان کی وزارت خارجہ نے روس کے ساتھ کاروبار کرنے والے افراد اور گروپوں کے خلاف پابندیوں کے تازہ دور کے تحت چینی کمپنیوں پر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لِن نے کہا کہ ہم نے ان رپورٹس کو دیکھا ہے، چین یکطرفہ پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے جو بین الاقوامی قانون کی رو سے بلاجواز ہیں روس کے ساتھ برابری اور باہمی مفاد کی بنیاد پر معمول کے مطابق تجارت اور اقتصادی تعاون چین کا حق ہے جس میں دیگر فریقین کی جانب سے رکاوٹ یا نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ جاپان نے چین کے منصفانہ موقف کو نظر انداز کرتے ہوئے، غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں لگا کر بعض ممالک کے موقف کی پیروی کی۔ہم اپنے جائز اور قانونی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔