بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت تجارت نے چند امریکی کمپنیوں کی جانب سے چین کے تائیوان خطے کو ہتھیار فروخت کرنے پر انہیں اپنی ناقابل بھروسہ اداروں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارت تجارت کے کہا ہے کہ ان اداروں میں جنرل اٹامک ایروناٹیکل سسٹمز، جنرل ڈائنامکس لینڈ سسٹمز ، بوئنگ ڈیفنس، اسپیس اینڈ سیکیورٹی شامل ہیں۔ یہ ادارے اب چین سے درآمدات و برآمدت نہیں کرسکیں گی، اس کے علاوہ انہیں نئی سرمایہ کاری سے بھی روک دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق ان اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کا چین میں داخلہ بند کردیا گیا اور ان کے ورک پرمٹ منسوخ کردیے جائیں گے۔ ان کے وزٹر اور رہائشی حیثیت بھی منسوخ کردی جائے گی اور ان کی جمع کرائی گئی درخواستیں منظورنہیں کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات چین کی قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے پیش نظر کئے جارہے ہیں۔
وزارت نے یہ بھی کہا کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ امریکہ کی کیپ لگس نے چین سے خریدی گئی اشیاء کو ناقابل بھروسہ اداروں کو منتقل کرکے ناقابل بھروسہ اداروں سے متعلق قواعد و ضوابط کو پامال کیا۔
وزارت نے کیپ لگس پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے جلد از جلد اقدامات کریں کہ چین سے خریدی گئی تمام متعلقہ اشیاء ، ٹیکنالوجیز اور خدمات ناقابل بھروسہ اداروں کو منتقل نہ ہوں اور اس بات کے ثبوت ناقابل بھروسہ اداروں کی فہرست کے دفتر میں پیش کئے جائیں۔ بصورت دیگر دفتر قانون اور ضوابط کے تحت ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔