• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 20th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فنڈز مختص کردیئےتازترین

July 21, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین میں خزانہ اور ہنگامی انتظامات کی وزارتوں نے قدرتی آفات سے بچاؤ کی کوششوں میں مقامی حکومتوں کی مدد کے لیے 26 کروڑ یوآن (3 کروڑ 66 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) مختص کردیئے ہیں۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ یہ رقم جیانگ سو، شان ڈونگ، ہینان، چھونگ چھنگ ، سیچھوان اور شانشی میں متاثرہ لوگوں کی تلاش، بچاؤ، منتقلی اور دوبارہ آبادکاری ، پوشیدہ خطرات اور ثانوی آفات سے تحفظ اور تباہ شدہ گھروں کی مرمت جیسے ہنگامی ردعمل کے کاموں میں استعمال کی جائے گی۔

چین کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش سے سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور کیچڑ کے بہاؤ کے سبب ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا ہے اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

چین میں جولائی کے اختتام سے اگست کے اوائل تک سیلاب موسم کا عروج ہوتا ہے جس کے دوران شدید بارش اور طوفان سے پانی کی سطح بلند ہوجاتی ہے اور دریاؤں کے کنارے، جھیلوں کے قریب اور ساحلی علاقوں میں آباد افراد خطرے کی زد میں آجاتے ہیں۔

پیش گوئیوں کے مطابق اس مدت میں چین کے تمام 7 بڑے دریاؤں کے طاس کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ طوفان شمال کی سمت اندرونی علاقوں میں بڑھیں جس کے ساتھ شدید اور انتہائی موسمی واقعات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مقامی حکام نے بتایا کہ چین کے شمال مغربی صوبے شانشی میں موسلا دھار بارش سے ایک ہائی وے پل منہدم ہونے سے 12 افراد ہلاک اور 31 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ جنوب مغربی صوبہ سیچھوان میں شہر یا آن کے ایک گاؤں میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے 30 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔