بیجنگ(شِنہوا)چین میں مخصوص گروہوں سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کو کوویڈ۔19 ویکسین کی دوسری بوسٹر خوراک لگانے کی پیشکش کی جا رہی ہے جو 6 ماہ سے زائد عرصہ قبل ویکسین کی پہلی بوسٹر خوراک لگوا چکے ہیں۔
کوویڈ۔19 کیخلاف مشترکہ روک تھام اور کنٹرول میکانزم کی ریاستی کونسل کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق پروگرام میں شامل کیے جانیوالے گروہ میں وہ افراد شامل ہیں جن کے وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے ان میں 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد ، سنگین بیماریوں میں مبتلا اور کم قوت مدافعت والے افراد بھی شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق مشروط مارکیٹنگ یا ہنگامی استعمال کیلئے منظور شدہ تمام ویکسینوں کو دوسری بوسٹر خوراک کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکوینشل بوسٹر امیونائزیشن کو دوسری بوسٹر خوراکوں کے انتخاب میں ترجیح دی جائیگی۔ سیکوینشل بوسٹر امیونائزیشن ایک ویکسی نیشن حکمت عملی ہے جس میں بوسٹر ٹیکے لگانے کیلئے مختلف قسم کی ویکسین یا اومیکرون مزاحم ویکسین استعمال کی جاتی ہے۔
سرکلر میں صحت حکام سے ہر سطح پر ویکسی نیشن کو یقینی بنانے اور ویکسی نیشن کی جگہوں پر مکمل ہنگامی رسپانس پلان اور بروقت ٹیکہ لگانے کی معلومات کے ساتھ دوسرے بوسٹر ٹیکہ جات کے پروگرام کو منظم طریقے سے آگے بڑھنے کی کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔