تیان جن (شِنہوا) چین نے قطبی بحری راستوں پر حفاظتی رہنمائی فراہم کرنے کے لئے ریڈیو نشریات شروع کردی ہیں جس میں سمندری برف کی نگرانی اور موسم کی پیشگوئی جیسی سمندری تحفظ کی معلومات شامل ہیں۔
سمندری تحفظ انتظامیہ کے شمالی نیوی گیشن خدمت مرکز کے مطابق چین کی شمالی بلدیہ تیان جن میں ایک اسٹیشن ہر سال یکم جولائی سے 31 اکتوبر تک سنگل سائیڈ بینڈ ریڈیو فون کا استعمال کرتے ہوئے دنیا کے انتہائی شمال میں واقع سمندری راستوں کے لئے نشریاتی خدمات مہیا کرے گا۔
یہ معلومات موسمیاتی اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس سے حاصل کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر مہیا کی جائیں گی اور اس نشریات میں آبنائے بیرنگ ، دمتری لیپٹیو ، آبنائے ویلکٹسکی اور آبنائے کارا جیسے اہم بحری راستوں پر برف کی موجودگی اور موسمی حالات کا تجزیہ اور پیش گوئی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
مرکز کے مطابق یہ نشریات شارٹ ویو کے ذریعے پیش کی جائیں گی اور چین کے قطبی سمندری تحفظ میں موجود معلومات کے فقدان کو دور کرکے چینی بحری جہازوں کی نیویگیشن تحفظ یقینی بنائیں گی۔