بیجنگ (شِنہوا) چین کے پہلے گہرے سمندر میں تیرتے ونڈ پاور پلیٹ فارم کی فلوٹنگ باڈی مکمل ہوگئی ہے۔ اسے چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن نے سرمایہ کاری کرتے ہوئے تعمیر کیاہے۔
روزنامہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق یہ دنیا میں پہلے آف شور ونڈ پاور پروجیکٹ کی تعمیر میں ایک اہم قدم ہے جو ساحل سے 100 کلومیٹرز دور ہے اور اس کی گہرائی 100 میٹرز سے زائد ہے۔
یہ پلیٹ فارم چین کے جنوبی جزیرہ نما صوبہ ہائی نان میں وین چھانگ سے 136 کلومیٹرز کی مسافت پر ایک آف شور آئل فیلڈ میں نصب کیا جائے گا جہاں تیز ہوا اور سمندر کی بڑی لہریں ونڈ پاور پلیٹ فارم کے ڈیزائن میں ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
اخبار کے مطابق منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے بعد ٹربائن سے پیدا شدہ بجلی تیل اور گیس کے پیداواری آف شور آئل فیلڈ گروپ کے پاور گرڈ سے منسلک ہو جائے گی۔
اس کی سالانہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 2 کروڑ 20 لاکھ کلوواٹ آور ہوگی جس سے 77 لاکھ 30 ہزار مکعب میٹر فیول گیس کی بچت ہوگی جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 22 ہزار ٹن کمی آئے گی۔
چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن سے وابستہ ایک سینئر محقق لی نان نے کہا کہ فلوٹنگ ونڈ پاور کے وسیع پیمانے پر استعمال کے امکانات ہیں۔
یہ نہ صرف آف شور سہولیات کے لئے مقامی کھپت اور بجلی فراہم کرسکتاہے بلکہ سمندری چراگاہوں، ہائیڈروجن کی پیداوار، سیاحت اور معدنی وسائل کے فروغ میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔