بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ چھن گانگ 5 سے 6 مئی تک دورہ پا کستان کے دوران چین۔ افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے جمعرات کے روز بتایا کہ چھن کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا ۔یہ دورہ چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کی قریبی اور باقاعدگی سے ہونے والی بات چیت کا ایک اہم حصہ ہے۔ دورے کے دوران وہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ چین ۔ پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک بات چیت کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق فریقین دوطرفہ تعلقات اور عالمی وعلاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ چین ۔ پاکستان ہرقسم کے حالات میں اسٹریٹجک تعاون بارے شراکت دار اور آہنی دوست ہیں اور یہ دوستی لازوال ہے۔
ترجمان کے مطابق چین پرامید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کو آگے بڑھائے گا، اسٹریٹجک رابطوں اور عملی تعاون کو مزید گہرا کرے گا، نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین ۔ پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو فروغ دے گا اور خطے کے ساتھ وسیع تر دنیا میں مثبت تحریک کا باعث بنے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ افغان عوام کو اس وقت بھی سنگین مسائل کا سامنا ہے اور انہیں باقی دنیا سے مزید تعاون اور مدد کی اشد ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو افغان عبوری حکومت کے ساتھ رابطے اور بات چیت تیز کرنے، تعمیر نو اور ترقی بارے کوششوں میں تعاون کرنے اور ایک جامع حکومت کے قیام میں حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اعتدال پسند حکمرانی کے ساتھ اپنے ہمسایوں سے دوستانہ تعلقات استوار کئے جا ئیں اور دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے لڑ ا جائے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چین افغانستان کی صورتحال اور چین۔ افغانستان۔ پاکستان وزرائے خارجہ بات چیت میں سہ فریقی تعاون پر افغانستان اور پاکستان سے تبادلہ خیال کی امید رکھتا ہے تاکہ اتفاق رائے پیدا ہو، باہمی اعتماد کو مستحکم کیا جاسکے اور مشترکہ طور پر امن، استحکام، خطے میں ترقی اور خوشحالی ہو۔