بیجنگ(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ تجارتی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون کرتے ہوئے اس سال درآمدات میں مناسب طریقے سے اضافہ کیا جائے گا۔
وزارت تجارت کے عہدیدار لی شنگ چھیان نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک اپنی بڑی مارکیٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی تجارت اور سپلائی چین کو مستحکم کرنے کے لیے دوسرے ممالک سے معیاری مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ کرے گا۔ لی کے مطابق، 2022 میں چین کی مجموعی درآمدات کا حجم27کھرب 10ارب ڈالر تھا۔
63کھرب ڈالر کے ریکارڈ غیر ملکی تجارتی حجم کے ساتھ، چین 2022 میں مسلسل چھٹے سال سامان کی تجارت کرنے والا سب سے بڑا ملک رہا۔
لی نے کہا کہ اس سال عالمی اقتصادی کساد بازاری کے بڑھتے ہوئے خطرے اور بیرونی طلب کی سست رفتاری کے پیش نظر، تجارتی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید کوششیں کی جائیں گی کہ برآمدات معیشت کو سہارا دینے میں مستحکم کردار ادا کریں۔