بیجنگ (شِںہوا) چین کے سابق وزیراعظم کامریڈ لی کھ چھیانگ کی آخری رسومات بیجنگ کے باباؤوشان انقلابی قبرستان میں ادا کردی گئیں۔ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 17 ویں، 18 ویں اور 19 ویں مرکزی کمیٹیوں کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کونسل کے سابق وزیر اعظم تھے۔
لی کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ایک بہترین رکن، ایک آزمودہ اور وفادار کمیونسٹ سپاہی اور ایک شاندار انقلابی شخص ، سیاستدان ، پارٹی اور ریاستی رہنما کے طور پر سراہا جاتا تھا۔
لی 27 اکتوبر کو شنگھائی میں نصف شب 12 بجکر 10 منٹ پر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔ ان کی عمر 68 برس تھی۔
شی جن پھنگ، لی چھیانگ ، ژاؤ لی جی ، وانگ ہوننگ ، تسائی چھی، ڈینگ شوئے شیانگ ، لی شی، ہان ژینگ اور ہوجن تاؤ اور دیگر نے اسپتال میں لی کھ چھیانگ سے ملاقات کی تھی یا انتقال پر مختلف ذرائع سے ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔
جمعرات کی صبح قبرستان کا آڈیٹوریم عقیدت واحترام سے لبریز اور سوگ میں ڈوبا ہوا تھا ۔ مرکزی ہال میں ایک سیاہ بینر لٹکا ہوا تھا جس پر سفید حروف میں " کامریڈ لی کھ چھیانگ کے لئے گہرا سوگ"۔ لکھا تھا۔ بینر پر ان کی ایک تصویر تھی جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے جھنڈے سے ڈھکی لی کھ چھیانگ کی میت پھولوں اور سدا بہار سائپریس کے درمیان رکھی تھی۔
صبح قریباً 9 بجے شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوآن ، لی چھیانگ، ژاؤ لی جی، وانگ ہوننگ ، کائی چھی ، ڈینگ شوئے شیانگ ، لی شی ، ہان ژینگ اور دیگر افراد آہستہ آہستہ لی چھیانگ کی میت کی طرف بڑھے اور خاموشی سے کھڑے ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور 3 بار جھکے۔ انہوں نے لی کے اہلخانہ سے مصافحہ کیا اور تعزیت کی ۔ ہو جن تاؤ نے لی کے انتقال پر تعزیت کے لئے پھولوں کی چادر بھیجی۔
دیگر پارٹی اور ریاستی رہنماؤں نے یا تو قبرستان میں آخری خراج عقیدت پیش کیا یا مختلف ذرائع سے تعزیت کی۔ مرکزی محکموں کے سرکردہ عہدیداروں، لی کے دوستوں اور ان کے آبائی شہر کے نمائندوں نے بھی قبرستان میں ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔