نانجنگ(شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہوبے کے سابق نائب گورنر کاوگوانگ جِنگ کو رشوت لینے اور دوسروں کو مالی فائدہ پہنچانے کے لئے کاروباری معلومات فراہم کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
کاوگوانگ جِنگ کو یہ سزا گزشتہ روز جیانگ سو صوبے کے شہر شو ژو کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی۔
عدالت میں یہ الزام ثابت ہوا کہ کاو نے 2004 سے 2022 کے درمیان اپنے مختلف عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا جس میں چائنہ تھری گورجز کارپوریشن کے سینئر ایگزیکٹو اورہوبے کے نائب گورنر کی حیثیت سے دوسرے لوگوں کی کاروباری آپریشن،منصوبوں کے معاہدوں اور منصوبوں کی ترقی جیسے امور میں مدد کی اور اس کے بدلے میں 21کروڑ60لاکھ یوآن(تقریباً3 کروڑ4 لاکھ ڈالر) نقد اور تحائف کی صورت میں وصول کیے۔
علاوہ ازیں کاو نے 2021 میں ہوبے کے نائب گورنر کی حیثیت سے ایک لسٹڈ کمپنی کی تنظیم نو کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اندرونی کاروباری معلومات دوسروں کو فراہم کیں جس سے انہیں کمپنی کے حصص کی خریدوفروخت سے1کروڑ یوآن سے زیادہ کا مالی منافع حاصل ہوا۔