بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی ادارہ شماریات (این بی ایس ) کے اعداد و شمار کے مطابق ایک اہم اقتصادی اشاریے چین کی ویلیو ایڈڈ صنعتی پیداوار میں سال 2023 کے پہلے دو مہینوں کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 2.4 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
قومی ادارہ شماریات کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس نمو میں دسمبر 2022 کی سطح کی نسبت 1.1 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ دو سال کی اوسط شرح نمو 4.9 فیصد رہی۔
قومی ادارہ شماریات کے ترجمان فو لنگ ہوئی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلے دو ماہ کے دورا ن چین کی معیشت مسلسل بڑھتی ہوئی پیداواری طلب، مستحکم روزگار اور صارفین کی قیمتوں اور بہتر مارکیٹ کی توقعات کے ساتھ بحال ہوئی ہے۔
صنعتوں کے اعداد و شمار کی تفصیلات کے مطابق اس مدت کے دوران کان کنی کی صنعتی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.7 فیصد اضافہ ہواجبکہ مینو فیکچرنگ شعبے کی پیداوار میں 2.1 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق ملکیت کے لحاظ سےریاست کے ماتحت اداروں کی پیداوار میں جنوری سے فروری تک 2.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ نجی شعبے کی پیداوار میں 2 فیصد اضافہ ہواہے ۔
مصنوعات کے لحاظ سے شمسی سیلز اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت بالترتیب 40.8 فیصد اور 16.3 فیصد اضافہ ہوا۔