بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 15 ویں سربراہ کانفرنس کے آغاز پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے جو گیمبیا کے دارالحکومت بانجول میں ہورہی ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ او آئی سی اسلامی ممالک کے اتحاد اور آزادی کی علامت ہے اور اس نے اسلامی ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی شفافیت اور انصاف کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور اسلامی ممالک اچھے دوست اور شراکت دار ہیں جن کی دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ حالیہ برسوں میں چین اور اسلامی ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرکے عملی تعاون میں مثبت نتائج حاصل کئے اور اپنے دوستانہ تعلقات کو مسلسل اپ گریڈ کرتے ہوئے جنوب۔ جنوب تعاون کی ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔
چینی صدر شی نے کہا کہ چین اسلامی ممالک کے ساتھ روایتی دوستی جاری رکھنے، سیاسی باہمی اعتماد میں پیشرفت ، عملی تعاون گہرا کرنے، تہذیبوں کے درمیان تبادلے وسیع کرنے ، گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سویلائزیشن انیشی ایٹو کو مشترکہ طور نافذ کرنے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ برادری کے قیام میں زیادہ سے زیادہ حصہ دار بننے کو تیار ہے۔