بیجنگ(شِنہوا) چین کے خلائی مشن شینژو- 17 کے تین خلا بازوں کو ملک کی خلائی کوششوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں میڈل سے نوازاگیا ہے۔
خلا باز تانگ ہونگبو کو ایرو اسپیس خدمات پر سیکنڈ کلاس میڈل جبکہ تانگ شینگ جیی اور جیانگ شِن لِن کو تھرڈ کلاس میڈلز اور"بہادر خلابازوں" کے اعزازی خطاب دیے گئے ہیں۔
یہ ایوارڈز کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی، ریاستی کونسل اور مرکزی فوجی کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے۔
مشن کے کمانڈر تانگ ہونگبو نے دوسری بار خلائی اسٹیشن کا سفر کیا تھا۔ گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس کے دوران، انہوں نے ملک کی انسان بردار خلائی پروازوں کی نمایاں پیشرفت کا مشاہدہ اور اس میں حصہ لینے پر اپنے فخر کا اظہار کیا تھا۔
چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے سب سے کم عمر خلاباز تانگ شینگ جیی نے پہلی خلائی پرواز کے دوران اپنی 34ویں سالگرہ منائی تھی۔
جیانگ خلائی اسٹیشن سے باہر دیکھ بھال کی سرگرمیوں کے چیف آپریٹر تھے اور انہوں نے کامیابی کے ساتھ اپنے اس کام کو مکمل کیا۔