• Krasnoyarsk, Russia
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین، شجرکاری منصوبے میں 26 لاکھ 70 ہزار ہیکٹر رقبہ پر شجرکاریتازترین

June 07, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین نے اپنے بڑے سرسبز پروگرام کے تحت گزشتہ 12 ماہ میں 4 کروڑ مو (تقریباً 26 لاکھ 70 ہزار ہیکٹر) پر درخت اور سبزہ اگانے کا ہدف حاصل کیا۔

قومی جنگلات اور سبزہ زار انتظامیہ نے ایک کانفرنس میں بتایا کہ تھری نارتھ شیلٹربیلٹ فاریسٹ پروگرام (ٹی ایس ایف پی) نے جون 2023 سے اب تک کل 56 منصوبے مکمل کئے جن میں ہون شان داکے اور ماؤوسو کی دو ریتلی زمینوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

چین ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ ریگستانی علاقے ہیں ،اس کے صحرائی علاقے شمال مغرب، شمال اور شمال مشرق میں پھیلے ہوئے ہیں جنہیں عام طور پر "تھری نارتھ" کہا جاتا ہے۔

ٹی ایس ایف پی دنیا کا سب سے بڑا شجرکاری پروگرام ہے جس کا آغاز 1978 میں ہوا تھا اور اسے 2050 میں مکمل ہونا ہے اس کا مقصد "تھری نارتھ" میں صحرائی اور ویران علاقوں کی بحالی اور انہیں سرسبز بنانا ہے۔

چین نے جون 2023 میں ٹی ایس ایف پی کو چین کے شمالی علاقے میں مکمل طور پر فعال اور ناقابل تسخیر "سبز عظیم دیوار" اور ماحولیاتی سلامتی کی باڑ میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں اس پروگرام کی پالیسی معاونت میں اضافہ کیا گیا جس میں خصوصی ٹریژری بانڈز کا اجراء ، خصوصی سبسڈیز، پانی فراہم کرنے کی ضمانت اور مالی خدمات بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تکنیکی اختراع کو استعمال کرتے ہوئے مزید قوت مہیا کی گئی جس سے صحرا میں تبدیلی کے مسئلے سے نمٹاگیا۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ پودوں اور گھاس کےلئے بیجوں کی مستحکم فراہمی یقینی بنانے، فوٹو وولٹک سینڈ کنٹرول اور دیگر نئے ماڈلز کے فروغ اور متعلقہ ٹیکنالوجیز میں اختراع کے لیے مزید ٹھوس کوششیں کی جائیں گی۔