بیجنگ (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خوداختیار خطے کی پامیر سطح مرتفع میں پہاڑوں پر سڑک کے ساتھ بلندی پر ہوا صاف اور دھوپ چمکیلی ہے۔
کوہ قراقرم کے دامن میں ہموار زمین پر سطح مرتفع پر قطاروں میں نیلے سیاہ رنگ کے فوٹو وولٹک پینلز لگائے گئے ہیں جو سورج سے بجلی حاصل کرتے ہیں۔
یہ تخفیف غربت کا فوٹو وولٹک توانائی منصوبہ ہے جو کہ سنکیانگ کے کاشغر خطے کی تاشکو رغان خوداختیار کاؤنٹی سے تقریباً 25 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
بجلی گھر کے ایک انجینئر یان یوژی نے بتایا کہ یہ جگہ زیادہ بلندی اور سورج کی روشنی سے بھرپور فائدہ اٹھاکر شمسی توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لئے بہت موزوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوٹو وولٹک توانائی منصوبہ 635 مو (تقریباً 42 ہیکٹر) پر پھیلا ہوا اور سطح سمندر سے تقریباً 3 ہزار 300 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اس بجلی گھر میں 77 ہزار 760 فوٹو وولٹک ماڈیول موجود ہیں۔
یہاں 4 کروڑ کلوواٹ آور سالانہ بجلی پیدا ہوتی ہے۔ کاؤنٹی کے لوگوں کو صاف توانائی مہیا کرنے کے لئے 30 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے۔
شمسی توانائی سے اس کاؤنٹی میں خوشحالی آئی جس کے ذریعے تخفیف غربت اور کاؤنٹی کی دیہی بحالی میں مدد ملی ہے۔ چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں واقع شین ژین انرجی نے 20 میگاواٹ کے فوٹو وولٹک منصوبے پر شین ژین بلدیاتی حکومت اور تاشکورغان خود اختیارکاؤنٹی حکومت کے ساتھ 2017 میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔