تیان جن (شِنہوا) چین کی شمالی بلدیہ تیان جن کے ایک صنعتی پارک میں کولڈ اسٹوریج شیلف کے درمیان اسمارٹ ٹرانسپورٹیشن مشینیں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں گھومتی رہتی ہیں۔ یہ درآمد شدہ گوشت مصنوعات کو چین بھر میں مختلف مقامات پر پہنچانے کی ذمہ دار ہیں۔
صنعتی پارک 26 جون سے فعال ہوا تھا جس کے بعد یہاں اسپین ، آسٹریلیا اور برازیل جیسے ممالک سے منجمد گوشت مصنوعات کی درآمدات یومیہ ہورہی ہیں۔ درآمد کے بعد انہیں چھانٹا جاتا ہے اور آرڈر پورے کرنے کے لئے ملک بھر میں بھیج دیا جاتا ہے۔
اوپٹیما انٹیگریشن گروپ سے وابستہ اور منجمد مصنوعات درآمد کرنے کے حوالے سے کمپنی یونیورسل کولڈ زی لین ٹیکنالوجی (تیان جن) کمپنی لمیٹڈ کے تیان جن پارک میں جنرل منیجر لی چھوانگ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 3 اسمارٹ کولڈ اسٹوریج یونٹس زیراستعمال لا ئے گئے ہیں۔ اب تقریباً 15 ہزار ٹن مال ہے اور اس کے استعمال کی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔
لی نے کہا کہ کمپنی نے چینی صارفین کی مختلف اور اعلیٰ معیار کے گوشت مصنوعات کی بڑھتی طلب پوری کرنے کے لئے رواں سال درآمد شدہ گوشت مصنوعات کی اقسام میں اضافہ کیا ہے۔
اوپٹیما انٹیگریشن گروپ انسٹی ٹیوٹ کے نائب ڈائریکٹر فینگ گوان نے بتایا کہ کسٹم کلیئرنس کی لاگت اور وقت میں کمی کرکے کاروبار کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے۔
تیان جن چین کے شمالی خطے میں جہازرانی کے بڑے مرکز کے طور پر ایک عالمی معیار کے بندرگاہ شہر کی تعمیر تیز کررہا ہے۔
تیان جن پورٹ (گروپ) کمپنی لمیٹڈ کے مطابق تیان جن بندرگاہ سے 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران 24 کروڑ 10 لاکھ ٹن مال کی آمدورفت ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت 2.1 فیصد زائد ہے۔ اس عرصے میں 1 کروڑ 13 لاکھ 50 ہزار بیس فٹ مساوی کنٹینرز کو نمٹایا گیا جو گزشتہ برس کی نسبت 8 فیصد زائد اور ایک نیا ریکارڈ ہے۔
تیان جن میں قائم سرحد پار تجارتی خدمات مہیا کرنے والی ایک کمپنی نے حال ہی میں یورپ اور امریکہ سے بیوٹی کاسمیٹکس کی ایک کھیپ درآمد کی ہے۔