بیجنگ (شِنہوا)چین کے ایک اہم معاشی اشاریے ویلیو ایڈڈ صنعتی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مئی کے دوران 3.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔جمعرات کے روز قومی ادارہ برائے شماریات (این بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق شرح نمو اپریل کے مقابلے میں 2.1 فیصد پوائنٹس کم رہی۔این بی ایس کے ترجمان فو لنگ ہوئی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چین کی صنعتی پیداوار نے مارکیٹ کی کمزور طلب اور گرتی ہوئی قیمتوں کے منفی عوامل پر قابو پا لیا ہے اور مئی کے دوران بحالی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔صنعتوں کے اعداد و شمار کے مطابق مینوفیکچرنگ شعبے کی پیداوار گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.1 فیصد بڑھی ہے جبکہ بجلی، حرارت، گیس اور پانی کی پیداوار اور فراہمی میں 1.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔این بی ایس کے مطابق ملکیت کے اعتبار سے ریاست کے زیر انتظام کاروباری اداروں کی پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ نجی شعبوں کی پیداوار میں 0.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔مصنوعات کی اقسام کے اعتبار سے شمسی سیلز اور نئی توانائی گاڑیوں کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت بالترتیب 53.1 فیصد اور 43.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ملک کی صنعتی پیداوار میں جنوری سے مئی کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 3.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔صنعتی پیداوار کو بڑے کاروباری اداروں کی سرگرمیاں ماپنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جن میں سے ہر ایک کا سالانہ اہم کاروباری منافع کم از کم 2 کروڑ یوآن (تقریبا 28 لاکھ امریکی ڈالرز) ہے۔