بیجنگ (شِنہوا) چائنہ بین الاقوامی میلہ برائے تجارتی خدمات کا رواں سال کا ایڈیشن 2 سے 6 ستمبر تک بیجنگ میں منعقد ہوگا۔ یہ خدمات کی تجارت میں دنیا کے سب سے بڑی اور جامع نمائشوں میں سے ایک ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ یہ میلہ چین کے قومی کنونشن سینٹر اور شوگانگ پارک میں منعقد ہوگا جس کا نمائشی رقبہ 1 لاکھ 55 ہزار مربع میٹرز ہوگا۔
رواں سال کی نمائش کا موضوع " کھلے پن سے ترقی ، تعاون سے مشتر کہ مستقبل کی تعمیر" ہے۔ چائنہ بین الاقوامی میلہ برائے تجارتی خدمات 2023 میں فورمز، مذاکرات اور سربراہ اجلاس سمیت 202 مختلف تقریبات کا انعقاد متوقع ہے۔
انٹرنیشنل سروس ٹریڈ سینٹر بیجنگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژاؤ لنگ نے بتایا کہ آمدہ میلے میں ٹیلی مواصلات ، اطلاعات خدمات ، مالیاتی خدمات، صحت اور صفائی ستھرائی خدمات اور ماحولیاتی خدمات جیسے موضوعات پر مبنی وسیع شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
اب تک مجموعی طور پر 75 ممالک اور عالمی تنظیمیں اپنی شرکت کی تصدیق کرچکی ہیں۔ 70 سے زائد معروف کاروباری ادارے اور انسٹی ٹیو شنز اپنی کامیابیوں کو پیش کریں گے جبکہ 1 ہزار 800 سے زائد کمپنیاں آف لائن اور آن لائن نمائشوں میں حصہ لیں گی۔
برطانیہ ، چائنہ بین الاقوامی میلہ برائے تجارتی خدمات 2023 کا مہمان ملک ہے جو اب تک کا اپنا سب سے بڑا وفد اس میلے میں شرکت کے لئے بھیجے گا۔