ہانگ ژو(شِنہوا)تیسری گلوبل ڈیجیٹل ٹریڈ ایکسپو 25 سے 29 ستمبر تک چین کے صوبے ژی جیانگ کے دارالحکومت ہانگ ژومیں منعقد ہوگی جس میں قازقستان اور تھائی لینڈ اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔
وزارت تجارت کے تجارتی ترقی بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینگ بو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایکسپو کا مقصد تعاون بڑھانے اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے عالمی ڈیجیٹل تجارتی وسائل سے فائدہ اٹھانا ہے۔
صوبہ ژی جیانگ کے محکمہ تجارت کے ڈائریکٹر ہان جی کے مطابق1 ہزار سے زائد ڈیجیٹل تجارتی اداروں اور 15 بین الاقوامی تنظیموں نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہےاور 50 سے زیادہ ممالک اور خطوں سے پیشہ ور خریداروں کی خریداری کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی توقع ہے۔
ایکسپو 1لاکھ 50 ہزار مربع میٹر پر محیط ہوگی ، جس میں ایک جامع نمائشی علاقہ اور مختلف ڈیجیٹل صنعتوں کے لئے وقف آٹھ خصوصی زون شامل ہوں گے۔
نمائش میں مصنوعی ذہانت، کم اونچائی پر واقع علاقوں میں معاشی سرگرمیاں اور ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر سے متعلق صنعتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
2022 میں شروع ہونے والے اس سالانہ ایونٹ کی مشترکہ میزبانی ژی جیانگ صوبے کی حکومت اور چین کی وزارت تجارت کر رہے ہیں۔