فوژو (شِنہوا) چین کے صوبے فوجیان سے1 لاکھ 56 ہزار 8 سو افراد کومحفوظ مقامت منتقل کر دیا گیا جہاں رواں سال کا تیسرا سمندری طوفان گایمی صوبے کے ساحلی علاقوں کے قریب پہنچ چکا ہے۔
دریں اثنا، صوبے کے ساحل کے ساتھ 73 مسافر فیری روٹس کو معطل کردیا گیا اور 97 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
صوبائی فلڈ کنٹرول آفس کے مطابق ساحل پر ماہی گیری کی کشتیوں پر کام کرنے والے 29 ہزار سے زائد افراد کو ساحل پر منتقل کیا گیا ہے اور 733 ماہی گیری کی کشتیوں نے بندرگاہوں پر پناہ لی ہے اور اس میں سوار تقریبا 3200 افراد کومحفوظ مقام پرمنتقل کیا گیا ہے ۔
یہ طوفان جمعرات کو آدھی رات کے قریب مشرقی تائیوان کی یی لان کاؤنٹی سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 201 زخمی ہوگئے۔ فی الحال اس کے شمال مغرب کی جانب بڑھنے کی پیش گوئی 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی ہے۔
بدھ سے جمعرات تک طوفان سے متاثر فوجیان کی 20 کاؤنٹیوں کی 104 ٹاؤن شپس میں 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جن میں سے 25 ٹاؤن شپس میں بارش 100 ملی میٹر سے تجاوز کرگئیں۔ مقامی محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق سب سے زیادہ بارش فوڈنگ شہر کی گوان یانگ ٹاؤن شپ میں 178.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔