لان ژو (شِنہوا) چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے زلزلہ زدہ علاقوں میں کاروبار اور اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں جس سے زندگی بتدریج معمول پر لوٹ رہی ہے۔
ایک ہفتہ قبل لین شیا ہوئی خود مختار پریفیکچر کے علاقے جی شی شان کی بونان ڈونگ شیانگ سالار خود مختار کاؤنٹی میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے گانسو اور پڑوسی صوبے چھنگ ہائی میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
گانسو کے صوبائی محکمہ ہنگامی انتظامات نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کاؤنٹی جی شی شان میں سپرمارکیٹوں سے لیکر ریستورانوں تک 90 فیصد کاروباری دکانیں دوبارہ کھل چکی ہیں جبکہ چھوٹے شہروں میں کاروبار بحال ہونے کی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔
اس کے علاوہ کاؤنٹی کے تمام اسکولوں نے پیر سے تدریس کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے۔
پریفیکچرحکومت کے مطابق زلزلہ زدہ علاقے میں 8 ہزار 96 تیارشدہ مکانات مہیا کئے گئے ہیں۔
صوبے نے ایسے 15 ہزار گھر مہیا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ان رہائشیوں کو چھت مہیا کی جاسکے جن کے گھر تباہ ہوگئے ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔
ان تیار شدہ گھروں میں رضائی اور الیکٹرک ہیٹرز موجود ہیں جبکہ دوبارہ آباد کاری کے ان مقامات پر طبی عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔