بیجنگ (شِنہوا) چینی عدالتوں نے 2022 میں آن لائن خریداری معاہدوں سے متعلقہ تنازعات کے تمام سطحوں کے 32ہزارمقدمات کا فیصلہ کیا، جو 2018 میں نمٹائے گئے 12ہزارمقدمات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔
سپریم پیپلز کورٹ (ایس پی سی) کے نائب صدر ہی شیاؤرونگ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران، ملک بھر کی عدالتوں نے آن لائن خریداری معاہدوں پر تنازعات سے پیدا ہونے والے 99ہزار اور سروس کنٹریکٹ کے تنازعات سے متعلق 23ہزار مقدمات کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن خریداری کے دیگر کیسز میں پروڈکٹ کی ذمہ داری، کرایہ کے معاہدے اور سفری معاہدے جیسے مسائل شامل ہیں۔
گزشتہ مارچ میں، ایس پی سی نے لائیو اسٹریم مارکیٹنگ، آن لائن فوڈ ڈیلیوری اور عوامی تشویش کے دیگر مسائل سے متعلق کیسز کو بہتر طریقے سے نمٹانے کے لیے، آن لائن خریداری معاہدے کے تنازعات کے کیسز میں قانون کے اطلاق کے حوالے سے دستاویز متعارف کرائی تھی۔
بدھ کو صارفین کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پرایس پی سی نے صارفین کے حقوق اور مفادات کے بہتر تحفظ کے لیے ای کامرس سیکٹر کے 10 عام کیسز کی تفصیلات جاری کی ہیں۔دیگرکے علاوہ ان میں ذاتی معلومات کے تحفظ سے لے کر کم عمر صارفین سے آن لائن زیادہ رقم کی وصولی جیسے کیسز شامل ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز کورٹس صارفین کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ اور ملک کی اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنے عدالتی فرائض کو مزید بہتر طور سے انجام دیں گی۔