نان جنگ (شِںہوا) چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ نے جمعرات کی صبح 7 بجکر 45 سے تائیوان جزیرے کے ارد گرد مشترکہ فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔
یہ مشقیں آبنائے تائیوان، جزیرہ تائیوان کے شمال، جنوب اور مشرق کے ساتھ ساتھ کن مین، ماتسو، ووچھیو اور ڈونگ ین جزیروں کے گردونواح میں کی جا رہی ہیں۔
تھیٹر کمانڈ کے ترجمان لی شی نے بتایا کہ بری ، بحری، فضائی اور تھیٹر کمانڈ کی راکٹ فورس سمیت ملٹری سروسز جمعرات سے جمعہ تک مشترکہ مشقیں کریں گی۔ ان مشقوں کو "جوائنٹ سورڈ 2024 اے" کا نام دیا گیا ہے۔
لی نے کہا کہ ان مشقوں میں مشترکہ سمندری اور فضائی جنگی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ میدان جنگ پر کنٹرول حاصل کرنے اوراہم اہداف پر مشترکہ حملوں کی مشق کی جائے گی۔ مشقوں میں تائیوان جزیرے کے اطراف کےعلاقوں میں جنگی بحری جہازوں اور طیاروں کی گشت اور جزیرے کے اندر اور باہر کے علاقوں میں مربوط کارروائیاں بھی شامل ہیں جس کا مقصد افواج کی مشترکہ حقیقی جنگی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ مشقیں "تائیوان کی آزادی" کی قوتوں کی علیحدگی پسند کارروائیوں کے لئے سخت سزاکی علامت اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور اشتعال انگیزی کے خلاف سخت انتباہ بھی ہیں۔