بیجنگ (شِنہوا) چین کی ایک سرکردہ فضائی کمپنی چائنہ سدرن ایئر لائنز نے چینی سرزمین سے سعودی عرب کے لیے باقاعدہ پروازوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ بیجنگ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے اس کی پہلی باقاعدہ براہ پرواز کامیاب رہی۔
ایئربس اے330-300کے ذریعے منگل اور ہفتہ کے روز پرواز چلائی جائے گی۔ روانگی کےلیے پرواز بیجنگ ڈا شینگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق دن 3بجکر10منٹ پر اڑان بھرے گی اور ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مقامی وقت کے مطابق رات 8بجکر10منٹ پراترے گی۔ کمپنی کے مطابق پرواز کا دورانیہ اندازاً 10گھنٹے ہے۔
دریں اثنا،واپسی کی پرواز ریاض سے مقامی وقت کے مطابق رات 10بجکر10منٹ پر اڑان بھرے گی اور اگلے روز دوپہر12 بجے بیجنگ پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز کا دورانیہ تقریباً 8گھنٹے اور 50 منٹ ہے۔
چائنہ سدرن ایئر لائنز کے مارکیٹنگ اہلکار ژانگ ڈونگ شینگ نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو نے حالیہ برسوں میں عملی تعاون کے نتائج حاصل کیے ہیں جس کے تحت چین اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون کو مزید ترقی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
ژانگ کا کہنا تھا کہ باقاعدہ براہ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا۔