بیجنگ (شِنہوا) آن لائن رجسٹریشن شروع ہونے کے بعد 90 سے زائد چینی اور بیرون ملک کمپنیوں نے اس سال کے آخر میں منعقد ہونے والی دوسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای) میں اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے آمادگی کے خطوط پر دستخط کردیے ہیں۔
ایکسپو کی میزبان چائنہ کونسل برائے فروغ بین الاقوامی تجارت(سی سی پی آئی ٹی) کے مطابق دوسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو کی پروموشن کے لیے حالیہ دنوں میں ملائیشیا، سنگاپور، جاپان، ماریشس، ایتھوپیا، اور مصر سمیت ممالک میں پہلے مرحلے کے دوران روڈ شوز کا انعقاد کیاگیا۔
کونسل نے کہا کہ وہ مختلف پروموشنل سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھتے ہوئے چینی اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ پروفیشنل خریداروں کو سی آئی ایس سی ای 2024 میں شرکت کے لیے مدعو کرے گا۔
کونسل کے مطابق، دوسری سی آئی ایس سی ای رواں سال 26 سے 30 نومبر تک منعقد ہوگی ۔سپلائی چین سروسز نمائشی علاقے کے ساتھ صاف توانائی، سمارٹ آٹوموبائل، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، صحت وزندگی اور ماحول دوست زراعت کے شعبوں کے لیے پانچ بڑے سیگمنٹ قائم کیے جائیں گے۔ ایکسپو کے دوران خصوصی فورمز کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاری کی تشہیر، بزنس میچ میکنگ ایونٹس اور نئی مصنوعات کی رونمائی بھی کی جائے گی۔