بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ پیپلز پروکیوریٹوریٹ نے کاروباری اداروں کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک خصوصی مہم کے آغاز پر ایک لائحہ عمل جاری کردیا ہے جس کا مقصد چینی کاروباری اداروں میں مثبت ترقی کو آسان بنانا ہے۔
فروری سے دسمبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 14 اہم اقدامات کئے جائیں گے جن میں منصفانہ مسابقت کے لئے نقصان دہ جرائم پر سخت سزا، نجی اداروں میں بدعنوانی پرسخت سزا، "شیل کمپنیوں" کے خلاف خصوصی کارروائی اور نجی کاروباری اداروں کے جملہ حقوق کا بہتر تحفظ شامل ہے۔
کاروباری اداروں کے بارے میں عدالتی مقدمات میں سامنے آنے والے اندرونی انتظامی مسائل کے حل کے لیے اس مہم کے دوران تمام سطح کے استغاثہ ادارے نجی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کریں گے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرسکیں اور اس طرح نجی کاروباری اداروں میں صحت مند ترقی کو فروغ ملے۔
مہم میں زور دیا گیا ہے کہ قوانین کی تشریح اور قانون کی حکمرانی کی تشہیر کے لئے مقدمات کو استعمال کیا جائے تاکہ نجی کاروباری افراد اور ملازمین کے قانون سے متعلق شعور میں اضافہ ہوسکے۔