ووہان (شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہوبے کی ایک عدالت نے منگل کے روز چینی فٹ بال ایسوسی ایشن (سی ایف اے) کے سابق سربراہ چِھن شویوآن کو رشوت خوری کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق چھن تاحیات سیاسی حقوق سے محروم ہوں گے اور ان کی تمام ذاتی جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیرقانونی طریقے سے حاصل کردہ تمام فوائد بھی ان سے برآمد کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرادیئےجائیں گے۔
ہوانگ شی انٹرمیڈیٹ عوامی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا کہ چھن نے 2010 سے 2023 تک اپنے مختلف عہدوں سے فوائد حاصل کئے جس میں سی ایف اے کا عہدہ بھی شامل تھاجس کے دوران منصوبے کے ٹھیکے ، سرمایہ کاری آپریشنز اور کھیلوں کے ایونٹس کے انتظامات سے متعلق امور میں دوسروں کی معاونت کی اور بدلے میں 8 کروڑ 10 لاکھ یوآن (تقریباً 1 کروڑ 14 لاکھ 20 ہزارڈالر) سے زائد مالیت کی رقم اور قیمتی سامان وصول کیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سی ایف اے میں خدمات کی انجام دہی کے دوران چھن نے کھیلوں کے مقابلوں کے انتظامات، لیگ میں ٹیم کی تشہیر اور ریفریز کے فیصلوں کے حوالے سے متعدد فٹ بال کلبوں اور مقامی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے لئے غیرمنصفانہ فوائد حاصل کیے جس سے مسابقت کے شفاف نظام ، شعبے کے ماحول اور ملک کے فٹ بال مقاصد کو زبردست نقصان پہنچا۔
عدالت نے کہا کہ انہوں نے اہلکاروں کی ترقی اور انتظامات میں دوسروں کی معاونت بھی کی۔