شنگھائی (شِنہوا) چین کےشنگھائی آزمائشی آزاد تجارتی خطے میں متعدد سرکاری اداروں نے حال ہی میں کاروباری استعمال کے لئے ٹیسلا ماڈل وائی گاڑیاں خریدی ہیں جس سے ٹیسلا چین میں سرکاری خریداری کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔
چائنہ (شنگھائی) آزمائشی آزاد تجارتی خطے لین گانگ نیو ایریا کی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ اقدام سرکاری خریداری میں ملکی وغیر ملکی کاروباری اداروں کے ساتھ لین گانگ کے مساوی سلوک کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ کاروباری ماحول بہتر بنانے اور کھلے پن میں اضافے کے لئے لین گانگ کی جاری کوششیں بھی اجاگر کرتا ہے۔
گزشتہ ماہ ہمسایہ صوبے جیانگ سو کی سرکاری خریداری ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلامیہ میں بھی ٹیسلا کی گاڑیاں صوبے کی نئی توانائی گاڑیوں کی خریداری فہرست میں شامل تھیں۔
اپریل میں جاری کردہ گاڑیوں کے تحفظ کا معیار پورا کرنے والی ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق 6 کمپنیوں میں ٹیسلا واحد غیر ملکی کار ساز کمپنی ہے جو مقررہ معیار پر پوری اترتی ہے۔
شنگھائی یونیورسٹی آف فنانس اینڈ اکنامکس میں چائنہ آزمائشی آزاد تجارتی زون کے ماتحت کولیبوریٹو انوویشن سینٹر کے ایک ماہر سن یوآن شین نے کہا کہ ٹیسلا کی متعدد سرکاری خریداری فہرست میں شمولیت چین کے ملکی و غیر ملکی کاروباری اداروں کے ساتھ مساوی سلوک کو ظاہر کرتی ہے۔ ایک کھلی چینی مارکیٹ عالمی کاروبار کو مزید مواقع فراہم کرے گی۔