یروشلم (شِنہوا) چین کی کار ساز کمپنی بی وائی ڈی اسرائیل میں 2024 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 9 ہزار 33 الیکٹرک کاریں فروخت کرکے پہلی پوزیشن پر رہی۔
اسرائیل وہیکل امپورٹرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری تا مئی کی مدت میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے بی وائی ڈی ماڈلز میں سب کمپیکٹ کراس اوور ماڈل آتو 3، ڈولفن ہیچ بیک اور فاسٹ بیک سیڈان بی وائی ڈی سیل شامل ہیں۔
اس مدت میں بی وائی ڈی اسرائیل میں عام گاڑیوں کے فروخت میں چوتھے نمبر پر رہا ، جس میں پٹرول اور الیکٹرک کاریں بھی شامل ہیں۔
الیکٹرک کاروں کی فروخت کی اس فہرست میں بی وائی ڈی کے بعد دوسرا نمبر چین کی ملکیتی برطانوی کارساز ایم جی موٹر کا ہے جس کے 3 ہزار 421 یونٹس فروخت ہوئے۔ جبکہ ایک اور چینی گاڑی ساز گیلی آٹو گروپ نے اس دوران2 ہزار 432 جیومیٹری سی گاڑیاں فروخت کیں۔
اسرائیل میں جنوری تا مئی مدت میں مجموعی طور پر 22 ہزار 267 چینی الیکٹرک کاریں فروخت ہوئیں جو اس عرصے میں اسرائیل میں فروخت شدہ گاڑیوں کا 69 فیصد ہے۔
اسرائیل میں مسافر گاڑیوں کی فروخت میں چینی برانڈز بھی ابتدائی 5 ماہ میں 28 ہزار 410 یونٹس کے ساتھ سرفہرست رہے۔ اس کے بعد جنوبی کوریا 22 ہزار 550 یونٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ جاپان 18 ہزار 776 یونٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔