بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ کی اہلیہ پھینگ لی یوان نے چین اور افریقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے بیجنگ میں جاری "لو ان دی سن شائن" سمر کیمپ میں شرکت کی۔
چین کی خاتون اول تپ دق اورایچ آئی وی/ ایڈز کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی خیر سگالی سفیر اور لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادرے (یونیسکو) کی خصوصی ایلچی ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ نہ صرف چینی اور افریقی بچوں کے لیے ایک اجتماع ہے بلکہ یہ چین اور افریقی براعظم کے درمیان قربت کی واضح علامت ہے۔
پھینگ نے کہا کہ چین اور افریقہ کے لوگوں نے ہمیشہ خوشی کے حصول میں ایک دوسرے کو سمجھا اور حمایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افریقہ کی ترقی کے ایک ساتھی کے طور پر چین نہ صرف اپنے ملک کے بچوں کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانے کے لیےبلکہ افریقی بچوں کی صحت مند نشوونما میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ چین اور افریقہ ہمیشہ مخلص دوست رہیں گے، چینی خاتون اول نے اس امید کا اظہار کیا کہ سمر کیمپ میں موجود تمام بچے چین اور افریقہ کے درمیان روایتی دوستی کے وارث بنیں گے اورہم نصیب مستقبل کی حامل چین-افریقہ کمیونٹی کی تعمیر میں ایک نئی قوت بنیں گے۔
سمر کیمپ میں شریک بچوں کے نمائندہ شرکاء نے ایک طویل مدت سے دیکھ بھال اور خیال رکھنے پر پھینگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے وقت کی قدر کرتے ہوئے بھرپور مطالعہ کریں گے اور چین-افریقہ دوستی کے داعی بنیں گے۔