دارالسلام(شِنہوا)چین کی دو کمپنیوں نے تنزانیہ میں دارالسلام بندرگاہ پرپٹرولیم اور توانائی کی مصنوعات کی وصولی، ذخیرہ اور تقسیم کرنے کے لیے ٹینکوں اوراس سے منسلک بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کرلیا ہے۔
تنزانیہ کے وزیرٹرانسپورٹ مکامے مباروا نے ان کمپنیوں، چائنہ ریلوے میجر برج انجینئرنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ، اور ووہان انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ کو ٹھیکہ دینے کا اعلان کیا۔
مکامے مباروا نے کہا کہ اس منصوبے کی مالیت 678.6 ارب تنزانیائی شلنگ (تقریباً26کروڑ60 لاکھ ڈالر) ہے اور یہ منصوبہ ملک کی بڑی بندرگاہ پرمال برداری کے شعبہ میں کارکردگی کو بڑھانے سے متعلق حکومت کی حالیہ کاوشوں کا عکاس ہے۔
وزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ منصوبے میں 4لاکھ20ہزار کیوبک میٹرزپیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش کے حامل15 ٹینکوں کی تعمیر شامل ہے جبکہ یہ منصوبہ دو سال کے عرصے میں مکمل ہونا ہے۔
مکامے مباروا نے بتایا کہ 15 ٹینکوں میں سے ہر ایک میں 30ہزار کیوبک میٹر پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ 6 ٹینک ڈیزل ذخیرہ کرنے کے لیے، 5 پیٹرول،3 طیاروں کے ایندھن کے لیے مختص ہونگے جبکہ ایک ٹینک انٹرفیس عمل کے لیے مختص ہوگا۔
توقع ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے بحری جہازوں کو بندرگاہ پر پیٹرولیم مصنوعات کو اتارنے میں صرف ہونے والے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔
تنزانیہ کی بندرگاہوں کی اتھارٹی (ٹی پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل پلاس ڈیوس مبوساکے مطابق اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کو اتارے کی موجودہ اوسط 11 یا 12 روزسے کم ہو کر 3 سے 4 روز رہ جائے گی۔
وزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ ٹینکوں کی تعمیر سے کئی فوائد متوقع ہیں جن کے تحت ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سمیت دارالسلام کی بندرگاہ پر تیل کے ضیاع سے پیداہونے والے مسائل اور تیل کے تاجروں کی شکایات کو دورکرنے میں مدد ملے گی۔