لوساکا (شِنہوا) زیمبیا کے ایک ماہر نے کہا ہے کہ چینی معیشت مثبت اور چین کے تجویز کردہ اقدامات دنیا کے لئے مفید ہیں۔
لوساکا میں مقیم سماجی ماہر اقتصادیات کیلون چیسانگا نے شِںہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ کچھ مغربی میڈیا کی جانب سے مسلسل منفی مہم کے باوجود چینی اقتصادی ماڈل نے ملک کو لچکدار بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی معیشت پائیداری کے ساتھ مثبت رہی ہے جبکہ چین نے اپنی معیشت کے لئے جو اقدامات کئے وہ متاثرکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہنرمندی میں ترقی سمیت صنعت کاری اور مستحکم شراکت داری کی ایک مضبوط بنیاد رکھی جبکہ چین عالمی مارکیٹ میں ایک نمایاں شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیمبیا اور دیگر افریقی ممالک چین سے مزید شراکت داری اور مضبوط معیشت سے باہمی فائدہ حاصل کرنے کو تیار ہیں جبکہ افریقی ممالک کو مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ باہمی تعاون کا راستہ تلاش کرنے کو یقینی بنانا چاہیئے۔
چیسانگا نے کہا کہ چین نے بنیادی ڈھانچہ جیسے مختلف شعبوں میں تعاون سے براعظم کے ساتھ اپنی دوستی اور خیر سگالی کے جذبے کا اظہار کیا ہے۔
چین کے مجوزہ اقدامات جیسے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کا مقصد دنیا کو آپس میں جوڑنا ہے جبکہ چین کا مستقبل پر مبنی طرز عمل قابل ِتعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون جو کنیکٹیویٹی پر مرکوز ہے، ایک منفرد تصور ہے جو دنیا کو آپس میں جوڑے گا اور عالمی تجارت میں اضافے کو یقینی بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ایک بہت مفید صنعتی بنیاد قائم کی ہے جو درحقیقت پوری عالمی معیشت کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔